'جو بھی حکومت آئی، فوج حمایت کریگی، آرمی چیف نے قومی سلامتی اجلاس میں یقین دہانی کرائی'  

02:34 PM, 5 Jul, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے آئندہ انتخابات میں منتخب ہونے والی حکومت کو فوج کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹیلی وژن چینل کے پروگرام کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خوش قسمت ہیں کہ انہیں اپوزیشن اس قدر تھکی ہوئی ملی، تاہم انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں کو اپنی سمت درست کرنے کا مشورہ دیا۔

شیخ رشید نے پیشگوئی کی کہ آئندہ دو ماہ تک حکومت اور اپوزیشن کے اچھے تعلقات ہو جائیں گے، اس سیاست کا محور سب سے پہلے پاکستان کو ترجیح اور قومی سلامتی پر مبنی ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مستقبل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف پارٹی کے صدر جبکہ مریم نواز نائب صدر کے عہدے پر براجمان ہیں لیکن دونوں کی سیاست میں بہت فرق ہے۔

قومی سلامتی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری زندگی میں اس سے اچھی ملاقات کبھی نہیں ہوئی، اجلاس میں موجود ہر شخص کی زبان پر پاکستان سب سے پہلے کے الفاظ تھے۔ اپوزیشن کی جانب سے پاک فوج کی مکمل حمایت کا اظہار قابل تعریف ہے۔

ملک میں جاری حالیہ دہشتگردی کی لہر کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک منظم انٹرنیشنل سکیم چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہمیں اس کے تدارک کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے سخت اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔

دہشتگردی واقعات سے جڑے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس میں رتی برابر بھی شک نہیں ہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے میں انڈیا ملوث ہے۔

مزیدخبریں