اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی ایم این اے شازیہ مری نے کہا ہے کہ عزت کی زندگی گزارنا مشکل ہوچکا ہے، حکومت لوگوں کا خون چوس رہی ہے اور لوگ بھیک مانگنے پر مجبور ہیں، عمران خان نیازی کونسی کرپشن کر رہا ہے جو اتنی مہنگائی بڑھ چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم این اے شازیہ مری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ غریب آدمی کیلئے عزت کی زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے، ماں بیٹی کا جہیز نہیں بنا سکتی اور باپ بچوں کو تعلیم نہیں دلا سکتا، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، حکومت لوگوں کا خون چوس رہی ہے، لوگ بھیک مانگنے پرمجبور ہیں، جبکہ یہ کہتے ہیں سب اچھا ہے، عمران خان نیازی کونسی کرپشن کر رہا ہے جو اتنی مہنگائی بڑھ چکی ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ آدھا درجن پریس کانفرنس کرنے سے پاکستان کا بھلا نہیں ہوتا، حکومتی نمائندے اپوزیشن کو گالیاں دیتے ہیں، وزیر اعظم بجٹ کے آخری روز صرف ووٹ کرنے آتے ہیں جبکہ زرداری صاحب بیمار ہیں پھر بھی بجٹ بحث میں شرکت کی، عمران نیازی، کشمیر اور سیکیورٹی معاملات کے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے۔
شازیہ مری نے کہا کہ وفاقی وزیر آزاد کشمیر میں لوگوں کورشوت دے رہا ہے، میں الیکشن کمیشن سے پوچھنا چاہتی ہو وہ ایکشن کیوں نہیں لیتا جبکہ سانگھڑ میں الیکشن تھا تو ہم پر پابندی لگائی گئی، پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں جو کررہی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، اس طرح کے الیکشن سے آپ فراڈ کرسکتے ہیں، حقیقی الیکشن نہیں کرسکتے۔