لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کی انگلینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کیلئے قومی ٹیم میں شمولیت مشکوک ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ حارث سہیل انگلینڈ پہنچنے کے بعد فٹنس مسائل سے دوچار ہو گئے ہیں اور بائیں ٹانگ میں درد محسوس کر رہے ہیں جس کے باعث وہ آج اور کل ٹریننگ سیشنز میں شریک نہیں ہوں گے جبکہ انگلینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں بھی ان کی شرکت مشوک ہو گئی ہے۔
پی سی بی نے بتایا کہ حارث سہیل نے ٹانگ میں تکلیف کے باعث دونوں انٹرا سکواڈز میچز میں بھی حصہ نہیں لیا،ان کے ری ہیب کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ایم آر آئی سکین کل کارڈیف میں ہو گا۔ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سکین رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی حارث کے پہلے ایک روزہ میچ میں دستیابی کا فیصلہ ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے دن ڈے میں حارث سہیل کی جگہ مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود کو موقع دیا جا سکتا ہے جنہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی اور اپنی ٹیم کو چیمپین بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
حارث سہیل کی انگلینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں شرکت مشکوک
11:34 AM, 5 Jul, 2021