کراچی: صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی سٹیشنز کھل گئے ہیں تاہم سی این جی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے باعث شہری بے حد پریشان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں گیس سٹیشنز 22 جون سے بند تھے جو آج 2 ہفتے کے طویل انتظار بعد کھول دئیے گئے ہیں تاہم اس کیساتھ ہی سی این جی کی قیمت میں 16 روپے فی کلو اضافہ بھی کر دیا گیا ہے جس پر شہریوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
سی این جی صارفین قیمت میں یکدم اضافے پر افسردہ دکھائی دیتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ بجٹ کے بعد سی این جی کی قیمت میں 16 روپے کلو کا بڑا اضافہ کردیا گیا ہے اور پمپس مالکان نے قیمت 140 روپے کلو مقرر کردی ہے جبکہ دوسری جانب پمپ مالکان کا موقف ہے کہ بجٹ میں ایل این جی پر لگے سیلز ٹیکس کے سبب سی این جی کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑا۔
دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن کے غیاث الدین پراچہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس کی شرح بڑھنے اور ایل این جی کی درآمدی قیمت میں اضافے کی وجہ سے جن صوبوں میں لیٹر کے لحاظ سے سی این جی فروخت ہوتی ہے وہاں 18 روپے فی لیٹر اور جہاں کلو گرام کے لحاظ سے سی این جی فروخت ہوتی ہے وہاں 30 روپے فی کلو اضافہ ہو گا۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی کی قیمت میں 16 روپے کا اضافہ
10:38 AM, 5 Jul, 2021