پنجاب حکومت کا ’دیہاڑی دار‘ اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ

09:42 AM, 5 Jul, 2021

 لاہور: پنجاب حکومت نے ’دیہاڑی دار‘ اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس مقصد کیلئے 13 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ مقرر کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے 15 ہزار سرکاری سکولوں کیلئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق پرائمری سکول کیلئے 720 روپے دیہاڑی پر استاد بھرتی ہوں گے جبکہ ایلیمنٹری سکولوں کیلئے 800 روپے دیہاڑی، سکینڈری سکولوں کیلئے ہزار روپے دیہاڑی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کیلئے 1200 روپے دیہاڑی پر اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔
پنجاب حکومت سکولز ٹیچرز انٹرن پروگرام کے تحت چھ فیز میں اساتذہ کو دیہاڑی پر بھرتی کرے گی، فیز ون میں بھرتیوں کیلئے محکمہ سکولز ایجوکیشن نے 15 جولائی آخری تاریخ مقرر کی ہے، فیز ون میں سرکاری سکولوں میں 13 ہزار 736 اساتذہ بھرتی ہوں گے اور محکمہ سکولز ایجوکیشن سرکاری سکولوں کیلئے 9 مہینے کے دورانیہ کیلئے اساتذہ بھرتی کرے گا۔ 
حکومت پنجاب نے اساتذہ بھرتی کرنے کیلئے 13 کروڑ 49 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کر دیا،بھرتیوں کیلئے امیدوار آن لائن ٹیچرز ریکروٹمنٹ سسٹم کے تحت اپلائی کرسکتے ہیں، پرائمری جماعت کیلئے تعلیمی قابلیت میٹرک، ایلیمنٹری کیلئے انٹرمیڈیٹ، سیکنڈری اینڈ ہائیر سکینڈری کیلئے بی اے اور بی ایس آنرز تعلیمی قابلیت مقرر کی گئی ہے۔
مرد اساتذہ کیلئے عمر کی حد 50 برس جبکہ خواتین کیلئے 55 برس عمر کی حد مقرر کی گئی ہے،اساتذہ کو دیہاڑی پر کلاسز پڑھانے کا معاوضہ سکول کونسل کے فنڈز سے دیا جائے گا، سکولوں میں اساتذہ کی مذکورہ بھرتیوں کیلئے اہل امیدواروں کے انٹرویوز 20 جولائی کو ہوں گے،سکول کونسل پانچ اگست کو بھرتی ہونے والے اساتذہ کو لیٹرز جاری کرے گی۔

مزیدخبریں