کراچی: شہر قائد میں میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔
ترجمان میٹرک بورڈ کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں 3لاکھ 48ہزار 249طلبا شریک ہوں گے اور صرف اختیاری مضامین کے پرچے لئے جائیں گے۔
بورڈ ترجمان نے بتایا کہ امتحانات کیلئے شہر بھر میں 438امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے طالبات کیلئے 201 اور طلباءکیلئے 237 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ ترجمان میٹرک بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ امتحانات میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے باعث درس و تدریس کا عمل متاثر ہونے کے باوجود طلباءکو بغیر امتحانات کے پروموٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
این سی او سی کے فیصلے اور پھر وفاقی اور صوبائی وزرائے تعلیم کی جانب سے اس کی توثیق کے باعث طلباءکی جانب سے احتجاج کیا گیا جس پر صرف اختیاری مضامین کے پرچے لینے کا فیصلہ کیا گیا۔