بالی ووڈ اداکار اروند راٹھور دنیا سے رخصت، 83 سال کی عمر میں لی آخری سانس  

07:57 AM, 5 Jul, 2021

ممبئی: بالی ووڈ فلموں اور تھیٹر کے سینئر اداکار اروند راٹھور اس دنیائے دارفانی سے رخصت ہو گئے ہیں۔ وہ کافی عرصہ سے علیل تھے، انہوں نے گزشتہ دنوں 83 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔

اداکار اروند راٹھور کے انتقال کی خبر کے بعد پوری انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اروند راٹھور نے احمد آباد کے پالڑی علاقے میں اپنی رہائشگاہ میں آخری سانس لی۔ وہ یہاں اپنے بھتیجے کی بہو اور ان کے بیٹے کے ساتھ مقیم تھے۔

خیال رہے کہ اروند راٹھور کی شادی نہیں ہوئی تھی، ایسے میں وہ اپنے اپنے بھتیجے کے ساتھ ہی رہ رہے تھے۔

اروند راٹھور نے گجراتی سنیما کے علاوہ کئی بالی ووڈ فلموں میں بھی کام کیا تھا۔ انہوں نے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کی سپرہٹ فلم ’خدا گواہ‘ اور ’اگنی پتھ‘ میں اہم کردار ادا کئے تھے۔ حالانکہ، انہوں نے بعد میں بالی ووڈ کا ساتھ چھوڑ دیا اور پھر ممبئی کو بھی الوداع کہہ دیا تھا۔

اروند راٹھور نے ’دی لیڈی کلر‘ نام کی فلم میں بھی کام کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ کئی گجراتی فلموں کا بھی حصہ رہے، جن میں بھادر تارہ بہتا پانی، گنگا ستی، سون کنساری اور ماں کھادیل تارو کھامکرو جیسی فلمیں شامل ہیں۔

مزیدخبریں