لاہور: احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کی گرفتاری نہیں بلکہ یہ قوم کے ساتھ تماشہ اور مذاق ہے۔ پوری قوم اس مذاق پر ہنس رہی ہے لیکن یہ تماشہ زیادہ دیر تک نہیں چلتا کیونکہ قوم سب جانتی ہے کہ رانا ثناءاللہ پر کیا کیس بنایا گیا۔
پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ 72 سال بعد بھی بھینس چوری اور منشیات کے مقدموں کا سلسلہ بند نہیں ہو سکا۔ حکومت کو سیاسی انتقام سے بالاتر ہو کر سامنے آنا چاہیے اور حکومت ایسے بیج نا بوئے جس کو کاٹنا مشکل ہوجائے۔ رانا ثناءاللہ کے خلاف جب کچھ نا ملا تو منشیات کا مقدمہ ڈال دیا اور منشیات کے الزام کے بعد کوئی کسر رہ نہیں گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیشیوں کا سیزن ہے، پیشیاں مذاق بنی ہوئی ہیں اور قوم دیکھ رہی ہے۔ قوم پر مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے جو مشکل وقت قوم پر آیا ہے اللہ تعالی اسے دور کرے۔ اپوزیشن عوام کے ساتھ کھڑی ہے کیونکہ عوام کی زندگی قیامت بنا دی گئی ہے۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عمران خان کی حالت قابل ترس ہے وہ بغض اور حسد میں گرفتار ہیں۔ یہ دن تھوڑے ہیں ظلم کی رات ڈھل جائے گی اور مجھے اپنی فکر نہیں اللہ ملک کی خیر کرے۔ پروڈکشن آرڈر نہ ملنے کی کوئی پرواہ نہیں اور عمران خان اپنی فکر کریں۔