'کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر' پاکستان کی مدھر آوازوں کی تلاش میں مصروف

08:31 PM, 5 Jul, 2018

اسلام آباد:پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، جس کی کھوج  کوک سٹوڈیو نے بھی شروع کر رکھی ہے اور اس مقصد کے لیے 'کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر' کے نام سے ایک نیا پروگرام لانچ کیا گیا ہے۔


کوک اسٹوڈیو کے نئے پروڈیوسرز زوہیب قاضی اور علی حمزہ نے اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کی خوبصورت وادیوں اور پہاڑی علاقوں کی آوازوں کو پیش کرنے کا عزم کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے وہ پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور وہاں کی منفرد ثقافت کے رنگ اور زبان کی مٹھاس کو گانوں کے ذریعے پیش کر رہے ہیں۔

کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر کا آغاز پاکستان کے خوبصورت ضلع چترال کی وادی کیلاش سے کیا گیا، جہاں کی دو بچیوں آریانا اور آمرینا نے گیت ’پاریک‘ یعنی ’چلو ‘ گایا , یہ ان دونوں کا کوک اسٹوڈیو کے لیے ڈیبیو گانا ہے اور دونوں نے پہلی مرتبہ باقاعدہ موسیقی کے تمام آلات کے ساتھ کوئی گانا گایا ہے۔

آریانا اور آمرینا کو گائیکی کا بے حد شوق ہے، جس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے آریانا نے امریکی گلوکارہ آریانا گرینڈ سے متاثر ہوکر  اپنا نام فارسی گل سے آریانا رکھ لیا۔

گانے کے بول جہاں کانوں میں رس گھول دیتے ہیں، وہیں ویڈیو میں وادی کیلاش کے حسین مناظر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلیتے ہیں , ویڈیو میں وادی کیلاش کے خوبصورت پہاڑ، برف سے ڈھکے راستے اور چہکتے ہوئے بچوں کی میٹھی مسکان کو دیکھا جاسکتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ کوک سٹوڈیو ایکسپلورر نے اپنا دوسرا گانا ’’فقیرا‘‘ بھی ریلیز کر دیا ہے جسے دیہی سندھ تعلق رکھنے والے دو بہن بھائیوں وشنو اور شموبائی نے گایا ہے۔

14 سالہ وشنو اور ان کی 21 سالہ بہن شمو بائی کی سریلی آوازوں کو جدید دور کے صوتی آلاتوں کے ساتھ روایتی ڈھولک لوک سندھ گانے ’فقیرا‘ کو منفرد بناتا ہے , زوہیب قاضی اور علی حمزہ  کا اہم مقصد پاکستان کی موسیقی کی کہانیوں کو پیش کرنا ہے۔ 


واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو کے ابتدائی 6 سیزن معروف میوزک پروڈیوسر روحیل حیات نے پروڈیوس کیے تھے جس کے بعد ساتویں سیزن سے یہ ذمہ داری اسٹرنگز نے نبھائی تھی اور اب اس کے پروڈیوسرز زوہیب قاضی اور علی حمزہ ہیں۔

مزیدخبریں