نواب آف بہاولپور کا مجلس عمل کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان

09:20 AM, 5 Jul, 2018


بہاولپور: ایک ماہ قبل اپنی جماعت نیشنل عوامی پارٹی کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کا اعلان کرنے والے نواب صلاح الدین عباسی نے  بہاولپور میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوارڈاکٹر سید وسیم اختر اور علامہ شفقت کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

نواب صلاح الدین عباسی کی جانب سے ایم ایم اے کے امیدواروں کی حمایت کے اعلان کو بہاولپور کی سیاست میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے لئے خطرے کی گھنٹی قرار دیا جا رہا ہے۔بدھ کے روز سامنے آنے والا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب نواب صلاح الدین عباسی بہاولپور سے قومی اسمبلی کے ایک اور حلقہ این اے 172 پر پہلے ہی ق لیگ کے چوہدری طارق بشیر چیمہ کی حمایت کا عندیہ دے چکے ہیں۔ طارق بشیر این اے 171 (بہالپور ٹو)سے آزاد حیثیت میں جیپ کے انتخابی نشان پر بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

ماضی کی ریاست بہاولپور اور موجودہ ضلع میں ق لیگ، ایم ایم اے اور نواب صلاح الدین عباسی کے باہمی اتحاد کو بڑے بڑے سیاسی برج گرانے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔نواب صلاح الدین نے جماعت اسلامی کے رہنماء اور امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 170 ڈاکٹر سید وسیم اختر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں اتحاد کا اعلان کیا۔پریس کانفرنس میں موجود میڈیا کارکنوں کو بتایا گیا ہے کہ متحدہ مجلس عمل تمام حلقوں میں نواب صلاح الدین عباسی کی حمایت کرے گی اور بدلے میں نواب صلاح الدین عباسی بہاولپور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 170 کے لیے ڈاکٹر سید وسیم اختر کی مکمل حمایت کریں گے۔قومی اسمبلی کے اسی حلقے سے تحریک انصاف کا ٹکٹ پانے والے سابق وزیر فاروق اعظم ملک کے متعلق نواب صلاح الدین کا کہنا تھا کہ وہ بھی میرا اپنا ہے اور ڈاکٹر وسیم اختر بھی میرا ہے لیکن اب فوقیت ڈاکٹر وسیم اختر کو دوں گا۔

مجلس عمل کے امیدوار کی حمایت کی وجہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سید وسیم اختر کی حمایت صرف اس لیے کررہا ہوں کیونکہ وہ صوبہ بہاولپور کی بحالی کے حمایتی ہیں، میں بہاولپور کے نوجوانوں کے لئے عمر کے اس آخری حصہ میں کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف میں جانے کا فیصلہ میرے بیٹے بہاول عباسی کا تھا۔نواب صلاح الدین عباسی کا کہنا تھا ہم اپنا الگ صوبہ چاہتے ہیں پنجاب کی تقسیم نواز شریف سمیت کوئی نہیں چاہتا۔

ڈاکٹروسیم اختر نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ بہاول عباسی ہمارا بیٹا ہے، پوری متحدہ مجلس عمل احمد پور میں ان کی مکمل حمایت کرے گی۔نواب صلاح الدین کے صاحبزادے بہاول عباسی بہاولپور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 174 (بہالپور فائیو) سے جیپ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس حلقہ سے تحریک انصاف نے اپنا ٹکٹ مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی کو دیا ہے۔

مزیدخبریں