سان فرانسسکو: دنیا بھر میں مشہور سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ ” فیس بک “ نے نیا فیچر ”فائنڈ وائی فائی“ متعارف کرادیا۔ اس فیچر سے نزدیک موجود وائی فائی کا نقشے کے ذریعے پتا لگایا جاسکتا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیچر آئی فون سمیت تمام اسمارٹ فونز کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ فیچر بعض ممالک میں گزشتہ برس آزمائشی طور پر متعارف کرایا جاچکا ہے، جس کی کامیابی کے بعد اب اسے دیگر ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ”فائنڈ وائی فائی“ فیچر صرف سفر میں موجود لوگوں کیلئے ہی مددگار نہیں بلکہ خاص طور پر ایسے علاقوں میں بھی کارگر ہوگا جہاں موبائل فون کا ڈیٹا بہت کم ہے۔
ایک بار اس فیچر کے ایکٹو ہونے کے بعد آپ کو قریبی موجود وائی فائی کے بارے میں معلوم ہوسکے گا اور یہ نقشے پر خود ہی محفوظ ہوجائے گا جس سے آپ باآسانی وائی فائی کی جگہ پہنچ جائیں گے۔فیس بک فائنڈ وائی فائی کا فیچر قریبی سگنلز کی ایک لسٹ فراہم کرے گا جسے استعمال کرتے ہوئے صارفین باآسانی معلومات، خبریں، تصویریں اور ویڈیوز شیئر کر سکیں گے۔