مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل دس مسلح ڈرونز بھارت کے حوالے کرنے کو تیار ہے۔ بھارت اور اسرائیل کے درمیان دو سال قبل چار سو ملین ڈالر مالیت کے معاہدے کے بعد حتمی ادائیگی کی صورت میں مسلح ہیرون ڈرونز نئی دہلی کے حوالے کر دیئے جائیں گے۔
اسرائیلی اخباریروشلم پوسٹ لکھتا ہے کہ مودی کے دورہ اسرائیل کے دوران دس جدید مسلح ڈرونز ہیرون ٹی پی بھارت کے حوالے کیے جاسکتے ہیں۔بھارتی حکومت نے فضائیہ کی درخواست پر ان دس ڈرونز کے خریدنے کی منظوری دی تھی،ستمبر2015 میں اس کا معاہدہ کیا گیا تاہم اس سودے کو خفیہ رکھا گیا۔
سن2004میں اسرائیل کے ایرو اسپیس انڈسٹریز میں تیارکیے جانے والے ہیرون ڈرون کاوزن53سو کلوگرام ہے جبکہ یہ ایک ہزارکلوگرام کا وزن اٹھاسکتا ہے اور چالیس گھنٹے فضا میں رہ سکتا ہے۔خصوصی ایکسپورٹ ورژن 2010سے اسرائیلی ائیر فورس کا حصہ ہے، بھارتی فضائیہ پہلے ہی 180اسرائیلی ساختہ ڈرونز استعمال کر رہی ہے۔
اسرائیلی اخبارہرٹز کے مطابق پانچ سو ملین ڈالر کا 8ہزار اسپائیک ٹینک شکن میزائل کا معاہد ہ بھی متوقع ہے، یہ معاہدہ دو سال سے تاخیر کا شکار ہے.