کوئٹہ: پاکستان اسٹیٹ آئل نے کوئٹہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا اندیشہ غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس او کے پاس پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے جو کوئٹہ شہر کی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔کوئٹہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے بارے میں میڈیا کی رپورٹ کے تناظر میں پی ایس او کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس او کے کوئٹہ میں تمام آٹ لیٹس کو فیول کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے۔کوئٹہ شہر میں ایندھن سے متعلق صارفین کی طلب پوری کرنے کیلئے آپریشنز جاری رہا، پی ایس او کی ٹیم پٹرولیم مصنوعات کے اسٹوریج سے کوئٹہ شہر میں پی ایس او کے تمام آٹ لیٹس کو مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی جاری رکھنے کیلئے مصروف عمل ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے مطابق کوئٹہ شہر میں پی ایس او کے آٹ لیٹس پر فروخت کے حجم میں گزشتہ 3 روز کے دوران100 فیصد تک کے اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے، فیول کے حصول کیلیے پی ایس او کے اسٹیشنز کا رخ کرنیوالے صارفین کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری ہے۔