لاہور: گذشتہ روز چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم کی طرف اعلان کردہ انعامات دینے کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فاتح ٹیم کے ساتھ ساتھ گمنام کرداروں کی بھی پذیرائی ہوئی جو کہ سوشل میڈیا پر مذاق بن گئی۔چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ میں شامل کرکٹرز اور آفیشلز کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں سجائی جانے والی تقریب میں چند ایسے گمنام کرداروں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھولیے جن کا براہ راست انگلینڈ میں ہونے والے میگا ایونٹ سے کوئی تعلق ہی نہیں تھا۔
واضح رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا نام قبل ازیں فہرست میں شامل نہیں تھا لیکن ان کو ایک کروڑکا چیک ملا، تمغہ حسن کارکردگی کے ساتھ 10لاکھ روپے الگ ملیں گے، پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی،جی ایم انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز سلمان واہلہ سمیت 6 آفیشلز کو 10،10لاکھ روپے اور شیلڈز دی گئیں،ان میں 3سلیکٹرز توصیف احمد،وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر بھی شامل ہیں، چیف فنانس آفیسربدر ایم خان کو شیلڈ دی گئی۔یوں تو سوشل میڈیا منیجر عون زیدی سمیت قومی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں موجود رہنے والے چند افراد کا کرکٹ معاملات سے براہ راست کوئی تعلق نہیں تھا، مگر اسکواڈ کا حصہ ہونے کی وجہ سے ان کیلئے انعامات پر زیادہ اعتراضات سامنے نہیں آئے، سلیکٹرز کا ٹیم کی تشکیل میں کردار بھی سمجھ میں آتا ہے لیکن دیگر آفیشلز کو بلاوجہ نوازے جانے پر سوشل میڈیا پر بڑے دلچسپ تبصرے دیکھنے کو ملے۔ایک نے لکھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران اشتہارات میں کام کرنے والی ماڈلز نے بھی ایوارڈز دینے کا مطالبہ کردیا،۔
دوسرے نے کہا کہ پی سی بی کے چپڑاسی اورچوکیدار کو کیوں نہیں نوازا گیا،ایک صارف نے لکھا کہ ایک زخم بھی کھائے بغیر پی سی بی کے کئی عہدیدار شہیدوں میں نام لکھوانے میں کامیاب ہوگئے۔یاد رہے کہ ایوارڈز وصول کرنے والوں میں حیران کن طور پی ٹی وی کے مبصرین راشدلطیف، محمد وسیم اور ڈاکٹرنعمان نیاز بھی شامل تھے۔