اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں آئین کے خلاف اقدامات جاری ہیں، جمہوری اقدار کمزور پڑ رہی ہیں اور آزادی اظہار رائے پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ظلم و جبر کا نظام چل رہا ہے جہاں غریبوں کو انصاف میسر نہیں۔ غریب کاشتکار اور مزدور کے مسائل کو کوئی سننے والا نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے تعلیمی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور امیر کے لیے الگ الگ نظام تعلیم موجود ہے، جو طبقاتی تفریق کو بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے اشرافیہ پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کی نسلوں کے مستقبل کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہی وہ جماعت ہے جو ملک کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عدل و انصاف پر مبنی نظام نافذ کرے گی۔