تربیتی پرواز کے دوران بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

 تربیتی پرواز کے دوران بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

بھارت :بھارتی ریاست گجرات کے پوربندر ایئرپورٹ پر بھارتی کوسٹ گارڈ کا ایک ہیلی کاپٹر دورانِ تربیتی پرواز گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں عملے کے تین ارکان، جن میں دو پائلٹ بھی شامل تھے، جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کوسٹ گارڈ حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایئرپورٹ کے نزدیک سے برآمد ہوا، جہاں سے تین لاشیں اور دو زخمیوں کو نکالا گیا۔

کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ ممکنہ طور پر فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔

واضح رہے کہ 2021 میں بھی بھارتی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا تھا، جس میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت سمیت 13 افسران ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ حالیہ واقعہ بھارت میں فضائی حادثات کے تسلسل پر سوالات اٹھاتا ہے۔