لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران زخمی ہونے والے قومی کرکٹر صائم ایوب کو علاج کے لیے لندن بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ ڈاکٹرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ محسن نقوی نے صائم ایوب سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ لندن کے اسپورٹس آرتھوپیڈک ماہرین صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے، اور ان کی اپوائنٹمنٹ بھی طے کر لی گئی ہے۔ پاکستان میں ڈاکٹر ممریز علاج کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے صائم ایوب کی میڈیکل رپورٹس لندن بھجوا دی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ صائم ایوب قومی ٹیم کا اہم اثاثہ ہیں اور ان کی انجری پر گہری تشویش ہے۔ انہیں جلد از جلد کیپ ٹاؤن سے لندن روانہ کیا جائے گا، جہاں اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ صائم ایوب کا علاج دنیا کے بہترین اسپتال میں ہوگا، اور امید ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل طور پر صحتیاب ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کے دوران دائیں پاؤں کے ٹخنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔