کیپ ٹاؤن : کیپ ٹاؤن میں جاری جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی بیٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بابر اعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر کگیسو ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کامران غلام 12 رنز بنا کر مارکو یانسین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ سعود شکیل بھی بغیر کوئی رن بنائے کگیسو ربادا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے دن جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، اور جلد ہی پانچویں وکٹ کے طور پر ڈیوڈ بیڈنگھم 5 رنز پر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ریان ریکلٹن نے 266 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی، اور ان کی 148 رنز کی شراکت ویریانے کے ساتھ چھٹی وکٹ پر بنی۔ ویریانے 100 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
ریکلٹن اور مارکو یانسین کے درمیان ساتویں وکٹ پر 86 رنز کی پارٹنرشپ بھی بنی، تاہم ریکلٹن 259 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کا اسکور 615 رنز پر آؤٹ ہوا، جہاں مارکو یانسین نے 62 رنز اور کیشو مہارات نے 40 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے 2،2 وکٹیں لیں۔