کراچی : آج اردو کے معروف شاعر رسا چغتائی کی ساتویں برسی منائی جا رہی ہے۔ ان کا اصل نام مرزا محتشم علی بیگ تھا اور وہ 1928 میں راجستھان کے علاقے سرائے مادھوپور میں پیدا ہوئے۔ 1950ء میں پاکستان ہجرت کر کے آئے اور مختلف اداروں میں خدمات انجام دیں، جن میں روزنامہ ’حریت‘ کراچی بھی شامل تھا۔
رسا چغتائی نے اپنی شاعری میں جذبات کی گہرائی اور معانی کی وسعت سے اردو ادب میں اپنا خاص مقام بنایا۔ ان کے مشہور مجموعوں میں ’ریختہ‘، ’زنجیر ہمسائیگی‘، ’تصنیف‘، ’چشمہ ٹھنڈے پانے کا‘ اور ’تیرے آنے کا انتظار رہا‘ شامل ہیں، جو آج بھی ادبی حلقوں میں مقبول ہیں۔
حکومت پاکستان نے ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں 2001ء میں انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔ رسا چغتائی 5 جنوری 2018 کو کراچی میں وفات پا گئے اور آج ان کی یاد میں ان کی شاعری اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔