لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کشمیریوں کے یوم حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بہت جلد کشمیر کی آزادی کا سورج آب و تاب سے طلوع ہوگا۔ انہوں نے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن مظلوم کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو سلام پیش کرنے کا ہے۔
مریم نواز نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ نے 5 جنوری 1949 کو کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا تھا، اور کہا کہ کشمیری بہن بھائی کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کشمیر کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور حکومتِ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کر رہی ہے۔
مریم نواز نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد پاکستان کی اپنی جدوجہد ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج روشن ہوگا۔