راولپنڈی : راولپنڈی میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران زندہ برائلر مرغی اور اس کے گوشت کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو آیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق، زندہ برائلر مرغی کی قیمت 285 روپے فی کلو سے بڑھ کر 530 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 900 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے، جس میں فی کلو 450 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ سپلائی اور ڈیمانڈ کے توازن، مرغی کی فیڈ اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔ مقامی فارمنگ نہ ہونے کی وجہ سے دوسرے اضلاع سے مرغی منگوانا پڑ رہا ہے، جس سے قیمتوں پر مزید دباؤ پڑا ہے۔
اس وقت راولپنڈی مرغی منڈی میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت فی من 19 ہزار 200 روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے، جو کہ صارفین کے لیے مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ مرغی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے جب تک سپلائی کی صورتحال مستحکم نہیں ہوتی۔