الاسکا : ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جہاں رہ رہا ہو، وہاں زندگی کی تمام ضروری سہولتیں دستیاب ہوں، جیسے بازار، ٹرانسپورٹ اور دیگر خدمات۔ لیکن ایک ایسی عمارت بھی موجود ہے جو اپنے اندر ایک مکمل شہر کی تمام سہولتیں رکھتی ہے۔
یہ انوکھی عمارت امریکی شہر الاسکا میں واقع ہے، جسے دنیا کی منفرد ترین عمارتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس 14 منزلہ عمارت میں صرف 263 رہائشی رہتے ہیں، لیکن یہاں کے مکینوں کو اپنی تمام ضروریات پوری کرنے کے لیے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ رپورٹ کے مطابق، اس عمارت کی پہلی منزل پر سکول، ہسپتال، پولیس سٹیشن، چرچ، لانڈری روم، گروسری سٹور، جم، کیفے اور دیگر شہر کی ضروری خدمات دستیاب ہیں۔ اس لیے یہ عمارت کسی بھی شہر کی تمام ضروریات کا احاطہ کرتی ہے۔
اس عمارت کے رہائشی زیادہ تر کام بھی عمارت کے قریب بندرگاہ پر کرتے ہیں، جو تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ عمارت دوسری جنگ عظیم کے دوران ایک فوجی بیرک کے طور پر استعمال ہوتی تھی۔ کچھ سالوں بعد، لوگوں نے یہاں رہنا شروع کیا اور 1956 میں اسے کثیر المنزلہ عمارت میں تبدیل کیا گیا۔
اس علاقے کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں مسلسل برف باری کی وجہ سے موسم ہمیشہ سرد رہتا ہے، اور یہاں کے رہائشی سردی سے بچنے کے لیے عمارت سے باہر نکلنے کی بجائے اپنی تمام ضروریات عمارت کے اندر سے پوری کرتے ہیں۔