ممبئی : بھارت نے خواجہ معین الدین چشتی کے عرس میں شرکت کے لیے مخصوص کوٹے میں سے صرف 100 پاکستانی زائرین کو اجمیر شریف جانے کے لیے ویزے جاری کیے ہیں، جبکہ وزارت مذہبی امور کے مطابق بھارت نے 500 پاکستانی زائرین کے لیے ویزے کا کوٹہ مقرر کیا تھا۔ بھارت کی جانب سے 400 پاکستانی زائرین کے ویزے روک لیے گئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ جن 100 پاکستانی زائرین کو ویزے دیے گئے ہیں، وہ اتوار کو واہگہ کے راستے اجمیر شریف کے لیے روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق 502 زائرین نے 2 دسمبر کو اپنے پاسپورٹ جمع کرائے تھے اور ان کا شیڈول 4 جنوری کو روانگی کاتھا، تاہم اب وہ 5 جنوری کو صبح 8 بجے روانہ ہوں گے۔ زائرین دور دراز کے علاقوں سے 2 جنوری سے لاہور پہنچنا شروع ہو گئے تھے اور ان کی واپسی 14 جنوری کو متوقع ہے۔
بھارتی سفارتخانے نے 4 جنوری کو شام ساڑھے چار بجے 102 پاسپورٹ وزارت مذہبی امور کے حوالے کیے، جبکہ عرس کی تقریبات بھارت میں 6 تا 12 جنوری جاری رہیں گی۔