کوئٹہ : کوئٹہ کے حلقے پی بی 45 کے 15 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، ان 15 پولنگ سٹیشنوں میں سے 10 مردوں اور 5 خواتین کے لیے مختص ہیں۔ مجموعی طور پر 51 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جہاں 16855 ووٹرز میں سے 11906 مرد اور 4949 خواتین ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
پولنگ سٹیشنوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے 1500 سے زائد اہلکاروں کے علاوہ ایف سی کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ تمام 15 پولنگ سٹیشنوں کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے اور ہر اسٹیشن پر 50 اہلکاروں کی نفری تعینات کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 45 پر 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے علی مدد جتک نے کامیابی حاصل کی تھی، مگر ان کی کامیابی کو جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار میر عثمان پرکانی نے الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا۔ الیکشن ٹربیونل نے اس حلقے کے 15 پولنگ اسٹیشنوں پر دھاندلی کے الزامات ثابت ہونے پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا، جسے بلوچستان ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا۔