دنیا بھر میں مقیم کشمیر ی آج یوم حق خودارادیت منارہے ہیں

دنیا بھر میں مقیم کشمیر ی آج یوم حق خودارادیت منارہے ہیں

مظفرآباد : دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں۔ یہ دن 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کی قرارداد منظور ہونے کی یاد دلاتا ہے۔ تاہم، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر سخت جبر کرتے ہوئے انہیں اپنے بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔

کشمیری ہر سال 5 جنوری کو اس دن کو تجدید عہد کے طور پر مناتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ کشمیری عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں، لیکن بھارت نے اس حق کو چھین لیا ہے۔

یوم حق خودارادیت کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر بھر میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جاتے ہیں اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے دفتر میں یادداشت بھی پیش کی جاتی ہے۔ اس موقع پر دنیا سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کریں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر انوارالحق نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو استصواب رائے کا وعدہ کیا تھا، جو ابھی تک پورا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد پاکستان کے مکمل ہونے تک جاری رہے گی، اور شہدا کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری حق خودارادیت کے ذریعے اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے، اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ضمانت کو پورا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جبر کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ڈٹے ہوئے ہیں، اور بھارت کو یہ پیغام دیا کہ آزادی ان کی منزل ہے۔ اگر بھارت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کا راستہ روکا، تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔

مصنف کے بارے میں