صدر مملکت اور وزیراعظم کا کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت پر پیغام

صدر مملکت اور وزیراعظم کا کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت پر پیغام

اسلام آباد : پاکستان کے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت پر اپنے پیغامات دیے ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے قرارداد منظور کی گئی تھی، مگر بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی اور سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عہد بھی کیا۔

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہر سال 5 جنوری کو کشمیریوں کا ”یومِ حق خودارادیت“ منایا جاتا ہے، جب کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کو استعمال کرنے سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کا استعمال کر سکیں۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا۔

مصنف کے بارے میں