لڑکیوں کو اپنی جنسی خواہشات پر قابو رکھنا چاہیے: کولکتہ ہائیکورٹ، بھارتی سپریم کورٹ فیصلے پر برہم

06:19 PM, 5 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

کولکتہ : بھارت  کی سپریم کورٹ نے کولکتہ ہائی کورٹ کے ایک بینچ کے اس فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ لڑکیوں کو اپنی جنسی خواہشات پر قابو رکھنا چاہیے۔

بھارتی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ججوں کو اس طرح کے حساس معاملات میں اپنے ذاتی خیالات اور رائے کے اظہار سے بچنا چاہیے۔ اس طرح کا مشاہدہ دینا قطعی طور پر غلط ہے۔

سپریم کورٹ نے ایک نوعمر لڑکی کے اغوا اور جنسی زیادتی کے ایک معاملے میں کولکتہ ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے دسمبر کے اوائل میں مغربی بنگال کی حکومت کو ایک نوٹس بھیج کر پوچھا تھا کہ آیا اس نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے یا نہیں۔

 اس معاملے کی مزید سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ کا یہ کہنا کہ ’بلوغت کو پہنچنے والی لڑکیوں کو دو منٹ کے جنسی لطف لینے کے بجائے اپنی جنسی خواہشوں پر قابو رکھنا چاہیے۔ نہ صرف غلط ہے بلکہ یہ نئے مسئلے پیدا کر سکتا ہے۔

عدالت نے اس سے پہلے کی سماعت میں کہا تھا کہ ججوں کو کسی مقدمے کا فیصلہ قانون اور حقائق کی روشنی میں کرنا چاہیے اور انصاف کے عمل میں تبلیغ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ہائی کورٹ کے بینچ نے اس کیس میں جو مشاہدات دیے ہیں وہ قطعی غیر ضروری تھے۔ اس نے عدالت کے فیصلے کے جواز کے بارے میں بھی سوال کیا۔

اس معاملے میں ملزم کے خلاف تعزیرات ہند اور نابالغ بچیوں کے ساتھ ریپ کے قوانین کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ اور کولکتہ ہائی کورٹ نے ملزم کو بری کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ معاملہ ہائی کورٹ میں آنے سے پہلے بنگال کی ایک ذیلی عدالت نے ملزم کو نابالغ لڑکی کے اغوا اور ریپ کا مجرم قرار دیا تھا۔ ملزم نے اس فیصلے کے خلاف کولکتہ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں ملزم کو بری کرتے ہوئے مشاہدات میں کہا تھا کہ ’یہ ہر نو بالغ اور نوعمر لڑکی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے جسم کی پاکیزگی برقرار رکھنے کا تحفظ کرے۔انڈین سپریم کورٹ نے کہا کہ اس فیصلے میں صرف یہی جملہ ہی نہیں بلکہ ہر پیراگراف میں نقائص ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ معزز ججوں سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ مقدمات میں اپنے ذاتی خیالات کے اظہار اور تبلیغ کرنے سے گریز کریں گے۔ اس مقدمے پر اب آئندہ سماعت 12 جنوری کو ہو گی۔

مزیدخبریں