غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 22 ہزار 600 تک جا پہنچی

04:59 PM, 5 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

غزہ: اسرائیلی حملوں سے غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 22 ہزار 600 تک جا پہنچی، پچھلے 24 گھنٹوں میں  162 فلسطینی شہید ہوئے۔ 

فلسطینی وزارت صحت  کے مطابق  7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 22,600 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 57,910 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً7,000 لوگ اب تک لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 162 اموات ریکارڈ کی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق دیر البلاح، نصیرات، المغازی اور بوریج پناہ گزین کیمپوں کے قریب شدید بمباری کی اطلاعات موصول ہوئیں،  جہاں اسرائیلی فورسز نے مکینوں کو جنوب سے نقل مکانی کا حکم دیا تھا۔

اس کے علاوہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں خان یونس میں بھی  کم از کم 32 اور رفح میں پانچ افراد شہید ہوئے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں آپریشن جاری رہے گا۔ جنوبی غزہ میں پناہ گزینوں کے کئی کیمپس اور پہلے سے شہریوں  کے لیے ’محفوظ زون‘  قرار دیے گئے علاقے بھی موجود ہیں۔ 

مزیدخبریں