سینیٹ قرار داد میں بیان کردہ مسائل حقیقی ہیں، ابھی تک کسی حلقے کی طرف سے انتخابات نہ ہونے کا کوئی اشارہ نہیں ملا: مرتضیٰ سولنگی 

04:04 PM, 5 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

 اسلام آباد : نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ابھی تک کسی حلقے کی طرف سے کوئی ایسا اشارہ نہیں ملا جس میں واضح پیغام ہو کہ انتخابات نہیں ہونے چاہئیں۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو  میں کہا کہ ایوان بالا میں الیکشن کے التواءکی قرارداد میں دلائل دینے کا موقع نہیں ملا۔ وزیراعظم یا کابینہ کی طرف سے الیکشن کی تاخیر کے حوالے سے کوئی حکم موجود نہیں تھا۔

 مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت الیکشن کرانا، الیکشن کی تاریخ دینا یا تبدیل کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ ہم کسی آئینی ادارے کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد کے اندر جو مسائل بیان کئے گئے ہیں، وہ حقیقی مسائل ہیں ۔پاکستان کی پارلیمانی سیاست اور انتخابات کی تاریخ میں یہ مسائل پہلے بھی موجود رہے ہیں۔ 

مرتضٰی سولنگی کا کہنا تھا کہ سیکورٹی کی فراہمی سمیت موسم اور دیگر مسائل کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کے التواء یا انعقاد کا آئینی اختیار صرف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس ہے۔ 

مزیدخبریں