شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے پر آر او سے جواب طلب

11:55 AM, 5 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں ایپلٹ ٹربیونل نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف اپیل پر   ریٹرننگ افسر  سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس رسال حسن نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر کے  ریٹرننگ افسر کو کل ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

اپیل میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی میں اثاثوں کی تفصیلات چھپائی گئی،  کاغذات نامزدگی پر شہباز شریف نے خود دستخط بھی نہیں کئے۔

اپیل میں دعویٰ کیا گیا کہ شہباز شریف سپریم کورٹ پر حملے کے ماسٹر ماٸنڈ ہیں۔شہباز شریف نے کارکنوں کے ذریعے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا تھا. اپیل میں نکتہ اٹھایا گیا کہ قانون کے مطابق  شہباز شریف کو انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

سابق وزیر اعظم کے کغذات نامزدگی منظوری کیخلاف اپیل میں استدعا کی گئی کہ ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔

واضح رہے کہ شہباز شریف کے خلاف اپیل شہری شاہد اورکزئی نے دائر کر رکھی تھی۔

مزیدخبریں