لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کل لال حویلی سے 3 بجے مہنگائی کے خلاف ریلی نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ملک کے مسائل پر بات ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات ہو کر رہے ہیں گے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں نہیں روک سکتیں، حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو معلوم ہے کہ الیکشن میں ان کو ووٹ نہیں پڑنے، کچھ اور پڑنا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کی خواہش ہے مگر ابھی ایسا کچھ نہیں، میری یہ خواہش بھی ہے کہ پاکستان کی مقبول جماعت کے اسٹیبلشمنٹ سے اچھے تعلقات ہوں۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پنجاب اسمبلی تحلیل کریں گے، معاشی اور سیاسی استحکام کیلئے صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔