پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب رہنا چاہتے ہیں تو انہیں اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا: وزیر خارجہ

08:45 PM, 5 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے جمہوری سفر میں اس کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ یہ خواہش رہی ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں، پیپلز پارٹی الیکشن وقت پر کرانے کی حامی ہے اور اگر قبل از وقت انتخابات کی مخالفت کر رہے ہیں تو تاخیر کی بھی کریں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے اگر وزیراعلیٰ رہنا ہے تو انہیں اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جمہوری سفر میں اس کے ساتھ ہیں، ہم نے اس آئین کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں، 73 کا آئین بھٹو کی دی گئی امانت ہے جس کی بحالی کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 30 سال جدوجہد کی، آئین کی بحالی کیلئے ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں لیکن اب پولر زدہ سیاست سے سیاست کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ساری سیاسی جماعتیں اپنے الیکشن اور مہم چلائیں، سلیکٹڈ کو آئین کے تحت گھر بھیجا جانا ہماری کامیابی ہے جبکہ اداروں کا سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، چاہتے ہیں ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، پیپلز پارٹی ہمیشہ چاہتی ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں اور اگر ہم قبل از وقت انتخابات کی مخالفت کر رہے ہیں تو تاخیر کی بھی مخالفت کریں گے، پارلیمان آج بھی اس ملک کا طاقتور ادارہ ہے۔ 
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو کو ان کو انصاف نہیں دلا سکے اور اگر ہم ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں دلا سکتے تو کس کو انصاف دلائیں گے، پہلے شہید بی بی انصاف کیلئے جدوجہد کرتی رہیں، ہم ان عدالتوں سے ذوالفقار علی بھٹو کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، یہ لوگ موت سے ڈرتے ہوں گے، ہم موت سے نہیں ڈرتے، تمام ادارے اپنے دائروں میں رہ کر کام کریں اور عمران خان کو کہتے ہیں کہ پارلیمان میں آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔ 
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دہشت گردوں کو این آر او دیا اور افغانستان کے دہشت گردوں کو بلایا، ہم 4 سالوں کا بحران 4مہینوں میں پورا نہیں کرسکتے، یہ ممکن نہیں ہے، عمران خان پاکستان کے عوام تبدیلی سے نام پر دھوکہ کرتے رہے ہیں اور آج بھی اپنی غلطیاں ماننے کو تیار نہیں، چودھری پرویز ایک بڑا سینئر سیاستدان ہے کوئی بھی بیان سوچ سمجھ کر دیتے ہیں اور اگر انہوں نے وزیراعلی رہنا ہے تو اعتماد کا ووٹ انہیں لینا پڑے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک بار بھی سیلاب متاثرین کے پاس ہمدردی کیلئے نہیں گئے، سیلاب کی وجہ سے ہمارے تعلیمی ادارے بھی اپنا کام نہیں کر سکتے، ہم سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں سکول کے بچوں کے مسائل دنیا کے سامنے رکھنے گئے تھے، کوئی وزیراعظم جان بوجھ کر اپنی معیشت کو تباہ نہیں کرتا، عمران خان نے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ذریعے پاکستان کو ڈیفالٹ میں دھکیلنے کی کوشش کی، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی بہتری کیلئے محنت کریں۔ 

مزیدخبریں