گوجرانوالہ: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ یہ حکومت ہمیں اللہ کی طرف سے ملی ہے اور ہم اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں، گوجرانوالہ میں صحافیوں کو رہائشی کالونی بنا کر دیں گے اور گوجرانوالہ کے لوگوں کے مسائل حل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال کا افتتاح کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کے لوگوں کے مسائل حل کریں گے، ہسپتال میں سائبر نائف کی سہولت بھی دے رہے ہیں، گوجرانوالہ کی تعلیم، صحت صفائی کے لحاظ سے بہترین شہر بنانا ہے، پنجاب اور پی ٹی آئی کی کوششوں سے یہ ہسپتال کا افتتاح ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے ہم نے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا ہورہا ہے، عوام کو ایک لاکھ نوکریاں میسر ہیں، 7نئے اضلاع بنے ہیں وہاں نوکریاں دی جارہی ہیں، یہ حکومت ہمیں اللہ کی طرف سے ملی ہے، ہم اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں، قائداعظم کے بعد عمران خان ایماندار لیڈر ملا ہے، عمران خان جیسا لیڈر پورے پاکستان میں نہیں ہے، گورنر نے غیرقانونی حکم دیا ہم اس کو نہیں مانتے، گورنر چاہتا ہے ہم غیرقانونی مانیں یہ نہیں ہو سکتا۔
اس موقع پر انہوں نے گوجرانوالہ میں صحافیوں کیلئے رہائشی کالونی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس جو 300 پلاٹ ہیں اس میں آپ کے 50بندوں کو اکاموڈیٹ کریں گے۔