نئی دہلی :ایک طرف جہاں بھارت میں ابھی بپن راوت کی موت ایک معمہ بنی ہوئی ہے وہیں مودی کے پیغام نے بھارتی میڈیا میں ہلچل مچا دی ،بھارتی ریاست پنجاب میں کسانوں سے بچ کر جب مودی ائیر پورٹ پہنچے تو وزیر اعلیٰ پنجا ب کے نام اپنے پیغام میں ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں زندہ ائیر پورٹ پہنچ گیا ہوں ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست پنجاب میں مودی کے قافلے کو اس وقت کسانوں نے روک لیا جب وہ فیروز پور شہر میں کئی منصوبوں کے افتتاح اور ریلی سے خطاب کرنے کیلئے جا رہے تھے ،تاہم وزیراعظم کے قافلے کے راستے میں بھٹنڈا کے فلائی اوور پر کسانوں نے احتجاج کیا اور سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا،جس کے بعد مودی کو اپنا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانا پڑا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ائیرپورٹ پر مودی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو شکریہ کا پیغام بھجواتے ہوئے ریاستی حکام سے کہا کہ اپنے وزیراعلیٰ کو شکریہ کہنا کہ میں ائیرپورٹ تک زندہ لوٹ پایا۔
کسانوں کے احتجاج کے باعث وزیراعظم نریندر مودی 20 منٹ تک بھٹنڈا شہر کے فلائی اوور پر پھنسے رہے اور بلآخر انہیں واپس جانا پڑا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ناقص سکیورٹی انتظامات پر مودی اپنا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس روانہ ہوگئے۔