بارشوں سے تباہی، بلوچستان حکومت نے گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا

10:02 PM, 5 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظرگوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نےگوادر کو آفت زدہ قرار دینےکا اعلان کرتے ہوئےکہا ہےکہ اس کا جلد نوٹی فیکشن جاری کیا جائےگا۔

عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہےکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے ابھی مدد نہیں مانگی، ضرورت پڑی تو بات کریں گے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر گوادر نے حالیہ بارشوں کے پیش نظر ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ کردیں، بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔

 ڈپٹی کمشنر گوادر نےگوادر کے تمام اسپتالوں میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہیں ۔

گوادر میں موسلادھار بارشوں کے بعد پیدا ہونی والی صورت حال کے پیش نظر اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرگوادرکا کہنا ہے کہ گوادرکے تمام نجی اور سرکاری اسکول 6 جنوری تک بند رہیں گے۔

خیال رہےکہ موسلا دھار بارشوں کے بعدگوادر میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہونے سے بارش اورسیوریج کاپانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہے۔

مزیدخبریں