اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے کہا ہے کہ پی پی کے گیارہ خفیہ بینک اکاؤنٹس کا بھی جواب دیں۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 35 کروڑ روپے کا کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے اپنے ٹوئٹر بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس اور لوٹ مار آپ کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کا پیسہ حلال کا ہو ٹیکس بھی پورا دیتا ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی رپورٹ نہ صرف پارٹی کرپشن کے حوالے سے گھناؤنا فرد جرم ہے بلکہ اس سے منافقت کا پردہ بھی چاک ہواہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا ٹوئٹر بیان میں مؤقف تھا کہ اسی طرح عمران خان کا ٹیکس ریکارڈ ظاہرکرتا ہے کہ اقتدار کے بعد ان کی آمدنی میں 50 گنا سے زائد کا اضافہ ہوا اور پاکستان غریب تر ہو گیا ہے مگرعمران امیر تر ہو گیا ہے۔