شیخ رشید نے الیکشن سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا ،اسلام آباد میں ہلچل 

05:21 PM, 5 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ملک کو الیکشن کی طرف جاتے دیکھ رہا ہوں ،اپوزیشن کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہیں کیونکہ اب اپوزیشن کیلئے زیادہ مسائل پیدا ہونگے ۔

شیخ رشید نے اپنی کتاب ’’  لال حویلی سے اقوام متحدہ تک سیاست کے پچاس سال ‘‘کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ بات درست ہے کہ بدعنوان لوگوں کو ہم سزا نہیں دلوا سکے لیکن عمران خان معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں،وزیراعظم معیشت کو بحران سے نکالنے کی جدوجہد کررہے ہیں،انہوں نے کہا یہ سب جانتے ہیں پاکستان میں سیاست میڈیا کی وجہ سے زندہ ہے ۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا اپوزیشن کی غلطیوں کی وجہ سے مسائل زیادہ ہوں گے،انہوں نے ملک کی  دولت کو باہر لیجا کر قوم کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے ،جس کیلئے پاکستانی عوام انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی ،شیخ رشید نے کہا  اپنی چوتھی کتاب میں ایک سچ لکھ دیا ہے ،میری چوتھی کتاب مرنے کے بعد شائع کی جائے ۔

شیخ رشید کا کہنا تھا عمران خان کےساتھ آئے ہیں ان کے ساتھ کھڑے رہینگے ،اپوزیشن سے کہتا ہو ں عقل کو ہاتھ ماریں ،اپوزیشن جو کچھ مرضی کر لے عمران خان کیساتھ مل کر ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ۔

کرونا سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کورونا وائرس کو پھیلتا ہوا دیکھ رہا ہوں،  دعا ہے کہ 15جنوری سے 15مار چ تک  کورونا کی لہر نہ آئے۔

شیخ رشید نے الیکشن سے متعلق بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ملک الیکشن کی طرف جارہا ہے،کیونکہ ہر حکومت میں  4سال کے بعد الیکشن کا سال ہوتا ہے، اپنی ہی حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت اپنے کام درست طریقے سے پیش نہیں کر سکی ،ہر پارٹی چاہتی ہے اس پر کسی کا ہاتھ ہو ۔

مزیدخبریں