جدہ :سعودی شاہ سلمان نے کابینہ اجلاس میں اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مملکت قیام کے روز اول سے آج تک اسلامی نظام پر عمل پیرا ہے اور آئندہ بھی رہے گی،کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ کے ارکان نے شوریٰ کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر شاہی خطاب پر قدرو منزلت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان نے جامع تصور پیش کرکے مختلف شعبوں میں سعودی وژن 2030 کے مطابق ملکی ترقی و خوش حالی کے حوالے سے غیر متزلزل اصول اجاگر کیے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ اجلاس میں مختلف نوعیت کے 12اہم فیصلے کیے گئے ہیں،کابینہ اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے سعودی شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کورونا ویکسین کی مقررہ خوراکیں جلد سے جلد لگوالیں۔
کابینہ کے مطابق وبا کی بدلتی ہوئی صورت حال پر نظر رکھی جارہی ہے، بچاؤ کی تدابیر کے مؤثر ہونے اور نہ ہونے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔