کولمبو: سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) کی جانب سے فٹنس کا نیا معیار متعارف کرائے جانے پر نوجوان کرکٹر بھانوکا راجہ پاکسا نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ پاکسا نے اپنا ریٹائرمنٹ لیٹر کرکٹ ایڈمنسٹریشن کے حوالے کر دیا ہے تاہم بورڈ نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ کیا ہے اور نہ ہی ان کا ریٹائرمنٹ لیٹر قبول کیاگیا ہے۔
بھانوکا راجہ پاکسا نے سری لنکا کی جانب سے 5 ون ڈے انٹرنیشنلز کھیل کر 17.8 کی اوسط کیساتھ 89 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ 18 ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیل کر 26.67 کی اوسط کیساتھ 320 رنز بنائے ہیں۔
سری لنکن بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھانوکا راجہ پاکسا نے اپنے ریٹائرمنٹ لیٹر میں لکھا ہے کہ انہوں نے بورڈ کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائے گئے فٹنس کے نئے معیار بالخصوص ’سکن فولڈ‘ لیول کے باعث یہ فیصلہ کیا۔
سری لنکن بورڈ نے سکن فولڈ ٹیسٹ لیولز 85 سے کم کر کے 70 کر دیا ہے اور 30 سالہ سری لنکن بلے باز کا ماننا ہے کہ اگر انہوں نے اپنا سکن فولڈ لیول نیچے گرایا تو وہ پاور ہٹنگ کی صلاحیت سے محروم ہو جائیں گے۔
کھلاڑیوں کی فٹنس اور برداشت کی سطح جانچنے کیلئے گزشتہ سال یو یو ٹیسٹ کو 2 کلومیٹر کی دوڑ کیساتھ تبدیل کیا گیا تھا اور کرکٹ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کی سفارش پر 2 کلومیٹر دوڑ مکمل کرنے کا وقت 8.35 منٹ سے بڑھا کر 8.55 منٹ کر دیا گیا تھا لیکن سری لنکن نیشنل سلیکٹرز نے یہ وقت کم کر کے 8.10 منٹ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن سلیکٹرز نے 2 کلومیٹر کی دوڑ مکمل کرنے کا وقت تو 8.10 منٹ مقرر کیا مگر اس کیساتھ ہی کھلاڑیوں پر واضح کیا کہ 8.35 منٹ میں دوڑ مکمل کرنے والے افراد بھی سلیکشن کیلئے دستیاب ہونے اور ان کی تنخواہ کاٹی جائے گی لیکن 8.55 سے زائد وقت لینے والے کھلاڑی سلیکشن کیلئے ہی دستیاب نہیں ہوں گے۔