اسلام آباد: چیئرمین این سی او سی اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون تیزی سے پھیلتی ہے۔ یہ دنیا بھر میں پھیل رہی ہے ۔ احتیاط نہ کی تو پاکستان میں بھی پھیل سکتی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ 15 دن کے دوران کراچی میں کورونا کیسز میں 940 فیصد جبکہ لاہور اور پنجاب میں 190 فیصد کورونا کے کیسز بڑھے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ رش والی جگہ جانے سے گریز کریں۔ ماسک پہنیں اور سب سے ضروری ہے کہ جنہوں نے ابھی تک ویکسی نیشن نہیں کرائی وہ فوری ویکسی نیشن کرائیں۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کا خواتین اور بزرگوں کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ خواتین اور بزرگوں کو فوری طور پر ویکسی نیشن کرانی چاہیے۔ 30 سال سے زائد عمر کے افراد فوری بوسٹر ڈوز لگوائیں۔