بلوچستان: شدید بارشوں  سے  ندی نالو  ں میں طغیانی ، کئی مکان تباہ

بلوچستان: شدید بارشوں  سے  ندی نالو  ں میں طغیانی ، کئی مکان تباہ

کوئٹہ: چمن سمیت شمالی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں  بارش نے تباہی مچادی ، شدید بارشوں  سے  ندی نالو  ں میں طغیانی  کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا  جس کے باعث کئی  مکان منہدم ہو گئے، سیلابی ریلے میں متعدد  گاڑیاں  بھی بہہ گئیں۔


تفصیلات کے مطابق چمن سمیت شمالی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں پر برفباری جاری ہے۔ صوبے کے بیشتر میدانی علاقے پشین ،قلعہ عبداللہ ،چمن ،قلعہ سیف اللہ گلستان اور بوستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ پہاڑی بالائی علاقے توبہ اچگزئی ،کان مھترزئی،مسلم باغ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے چمن شہر اور مضافات میں تین روز سے جاری بارشوں نے تباہی مچادی .
موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں  میں طیغانی آنے کے بعد سیلابی پانی  گھروں میں داخل ہوگیا جس سے متعدد کچے مکانات منہدم دیواریں زمین بوس ہوگئیں اور کئی مکانات کی چھتیں بھی گرگئیں۔ طوفانی سیلابی ریلے کے بعد آج صبح ندی سے ایک لاش برامد ہوئی شناخت کیلئے سول ہسپتال لائے گئے گزشتہ رات تیز سیلابی ریلہ گاڑیاں بھی بہا کرلے گیا، تاہم سواریاں محفوط رہیں۔ گزشتہ شب تیز سیلابی ریلی نے پل بھی گرادیا۔ شہر اور مضافات کے رابطہ سڑکیں منقطع ہوگئے جبکہ ضلع میں رات بھر ریسکیو کا آپریشن جاری رہا۔کشتیوں کے ذریعے خواتین اور بچوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی  ہوئی ۔

دوسری جانب گوادر شہر  میں گھروں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں سے مجموعی طور پر دوسو گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے بالائی اور شمالی علاقے زیارت، کوئٹہ کے علاقے ہنہ اڑک میں بھی  برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔صوبائی دالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ تین روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  زیارت،ہرنائی،ژوب، کوئٹہ،چمن،دالبندین،نوکنڈی،چاغی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اورملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش برفباری کا امکان ہے۔