پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو زبردستی کا ایماندار ثابت کرکے مسلط کیا گیا۔ ثابت ہوگیا عمران خان کرپٹ ترین شخص ہے۔ انہیں اب بھاگنے نہیں دیں گے۔حساب لینے کا وقت آگیا۔
پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے اسکروٹنی رپورٹ کے اجرا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ کے بعد عمران خان کا کرپشن سے آلودہ بھیانک چہرہ سامنے آیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سچ بولنے کا حلف اٹھا کر پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے ۔ کروڑوں روپے دیدہ دلیری سے خوردبرد کرنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم دوسروں کو کرپشن کے طعنے دیتے ہیں ۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم کی آڑ میں کرپشن کرکے ملک کو لوٹا ہے ۔ آج تباہ حال ملکی معیشت گواہ ہے کہ پی ٹی آئی سرکار قومی خزانے کو بیدردی سے لوٹ رہی ہے ۔