ماؤنٹ مانگنوئی: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے عالمی چیمپئن نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کر لی، بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ماؤنٹ مانگنوئی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ میں تاریخی فتح حاصل کر لی ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے 40 رنز کا ہدف بنگال ٹائیگرز نے 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔عبادت حسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
خیال رہے کہ میزبان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور بنگلہ دیش کو 40 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ بنگلہ دیش نے 2 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔قبل ازیں بنگلہ دیش کی جانب سے عبادت حسین نے 6 اور تسکین احمد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
خیال رہے کہ چوتھے دن کھیل کے اختتام پر کیوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹ پر147 رنز بنائے تھے اور اس کی برتری صرف 17رنز تھی، تاہم پانچویں روز نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے مجموعی سکور میں صرف 22 رنز کا اضافہ کر سکی اور پوری ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
بنگلادیش نے اپنی پہلی اننگز میں458 رنز بنائے تھے۔ خیال رہے کہ 2010 کے بعد یہ نیوزی لینڈ کیخلاف ان کے ملک میں400رنز بنانے والی پہلی ٹیم ہے،یہ اعزاز صرف آسٹریلیا کے پاس تھا۔ ہوم ٹیم نے328رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ کیوی ٹیم کیخلاف جہاں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو تاریخ فتح ملی ہے وہیں ایک بری خبر کا بھی سامنا کرنا پڑا جب اوپنر محمود الحسن انجری کے سبب نہ صرف میچ بلکہ سیریز سے باہر ہوگئے ، محمود الحسن نے بنگلہ دیش کی جانب سے پہلی اننگز میں شاندار88رنز بنائے تھے۔