حال ہی میں ایک بار پھر سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستان کی مقبول اور کامیاب میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے اپنے شوہر کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر ریٹائرڈ پی اے ایف آفیسر اور فائٹر پائلٹ ہیں۔
گزشتہ روز نادیہ خان نے اپنے شوہراور ان کے پیشے سے متعلق تفصیلات سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کیں۔
View this post on Instagram
نادیہ نے بتایا کہ فیصل نے 1991 میں جی ڈی پی کے 90 ویں کورس میں بطور کمیشن آفیسر پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی، وہ 30 سالہ فلائنگ اور مینجمنٹ کا تجربہ رکھنے والے دنیا کے قابل ترین اور ممتاز پائلٹ میں سے ایک کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
نادیہ خان کا کہنا ہے کہ فیصل میراج ، ایف7 ، ہاک گروب ، ٹی 37 ، سیسنا اور دیگر ہوائی جہازوں پر 4000 گھنٹوں سے زائد پرواز کا تجربہ رکھتے ہیں۔
نادیہ خان نے یہ بھی کہا کہ ان کے شوہر فیصل میڈیا کے لیے نئے نہیں ہیں کیونکہ وہ ماضی میں آئی ایس پی آر کے ایک پراجیکٹ میں بطور سپاہی شامل ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل ایک مشہور الیکٹرانک میڈیا صحافی اور سابق ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افیئر (پی ٹی وی) مرحوم ممتاز حامد راؤ کے بیٹے ہیں۔میزبان نے بتایا کہ ممتاز حامد راؤ پاکستان ٹیلی ویژن کے بانیوں میں سے ایک تھے اور پی ٹی وی نیوز قائم کرنے والے پہلے صحافیوں میں سے ایک تھے۔ ان کا 2011 میں راولپنڈی میں انتقال ہوگیا تھا۔
نادیہ خان کے مطابق ،فیصل اپنے چار بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں، ان کے چھوٹے بھائی علی برطانیہ کے سول سروس میں سینئر ایڈوائس آفیسر کی حیثیت سے کام کرتے ہیں، وہ مانچسٹر میں اپنی اہلیہ ڈاکٹر اسما اور بیٹی بیلا کے ساتھ رہتے ہیں۔