اسلام آباد: کنٹرول لائن کے دونوں جانب او ر دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں،
تفصیلات کے مطابق اس اہم ترین دن پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے اہم بیان میں کہا ہے کہ 73سال سے کشمیری وحشیانہ بھارتی قبضے کا سامنا کررہےہیں،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لے ۔
5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے جموں کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی ضمانت دی تھی،اس دن کو اقوام متحدہ اور رکن ملکوں کو ادھورا وعدہ یاد دلانے کیلئے مناتے ہیں ۔کشمیر ی عوام اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت حق خود ارادیت کے مطالبے پر قائم ہیں۔
علاوہ ازیں صدرعلوی نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حق خودارادیت انسانی احترام کا بنیادی جزو ہے، عالمی برادری کو بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے حوالے سے اپنی یقین دہانیوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے5جنوری 1949کو ایک قرار داد منظور کی تھی جس میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کو تسلیم کیاگیا تھا۔