مولانا عبدالخبیر آزاد نے پاکستان میں ایک ہی روز عید کرانے کی امید جگا دی

10:02 AM, 5 Jan, 2021

لاہور: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے نئے چیئرمین اور بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک بھر میں ایک ہی روز عید منانے کی امید جگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے بھرپور کوشش کریں گے۔ خیال رہے کہ سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان گزشتہ دو عشروں سے اس عہدے پر براجمان تھے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ملک میں موجود تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ساتھ لے ک چلیں اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے اس میں تبدیلی لائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مولانا مفتی منیب الرحمان کو ان کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد کو اس عہدے پر تعینات کر دیا تھا۔

حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی نئی مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں بہت سے جید علما شامل ہیں۔ ان میں مفتی ضمیر ساجد، صاحبزادہ حبیب اللہ چشتی، قاری میر اللہ، مفتی فضل جمیل رضوی، حافظ عبدالغفور، مفتی یوسف کشمیری، سید علی قرار نقوی، مفتی فیصل احمد، ڈاکٹر مفتی علی اصغر، مفتی محمد اقبال چشتی، ڈاکٹر یاسین ظفر، مولانا فضل الرحیم، علامہ محمد حسین اکبر اور ڈاکٹر راغب حسین نعیمی جیسی شخصیات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کمیٹی میں وزارت سائنس وٹیکنالوجی، وزارت مذہبی امور، محکمہ موسمیات اور سپارکو کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔

رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان کافی تنازعات کا شکار بھی رہے تھے۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنی وزارت کا منصب سنبھالنے کے بعد عید کا چاند دیکھنے کیلئے ٹیکنالوجی کی مدد لینے کا فیصلہ کیا تو مفتی منیب کی جانب سے اس پر سخت تنقید کی گئی تھی۔

مزیدخبریں