محبت کی علامت پر نفرت کا پرچار، ہندو انتہا پسندوں نے تاج محل کو بھی نہ چھوڑا، ''بھگوا پرچم'' لہرا دیا

08:22 AM, 5 Jan, 2021

آگرہ: بھارتی شہر آگرہ میں مغل دور کی مشہور یادگار تاج محل کو بھی جنونی ہندوؤں نے اپنی انتہا پسندی کی نظر کر دیا ہے۔ انتپا پسند ہندوؤں نے اپنے مذہب کی پہچان سمجھے جانے والے بھگوا پرچم کو تاریخی مقام پر لہرا کر لوگوں میں دہشت پھیلانے کی کوشش کی۔

تفصیل کے مطابق بھارت میں ایک بار پھر ایک ایسا اقدام اٹھایا گیا ہے جس کی خود وہاں کا سنجیدہ طبقہ مذمت کر رہا ہے۔ خبریں ہیں کہ انتہا پسند ہندوؤں نے محبت کی علامت سمجھے جانے والی تاریخی یادگار تاج محل میں بھی اپنی نفرت کا پرچار کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہوئے وہاں بھگوا پرچم لہرا دیا۔

اس قابل مذمت حرکت کو وہاں تاج محل کی سیر کو آئے سیاحوں نے اپنے موبائل فون پر ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا جس کے بعد بھارتی حکام کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سماجی حلقوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ بڑھا تو مقامی پولیس کو حکم دیا گیا کہ فوری طور پر اس میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔

خبریں ہیں کہ مقامی پولیس نے تاج محل کے احاطے میں بھگوا پرچم لہرانے والے انتہا پسند ہندو تنظیم کے افراد کو گرفتار کر لیا ہے تاہم ان کیخلاف کسی قسم کی کارروائی سامنے نہیں لائی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ماضی میں سیکولر کہلانے والا ملک بھارت آج انتہا پسندی کی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ وہاں آئے روز اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں اور ان سے جڑی چیزوں کیخلاف ان کی نفرت کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔

ابھی حال ہی میں بھارت میں تبدیلی مذہب کا ایک ایسا قانون متعارف کرایا گیا ہے جس میں مسلمانوں کیخلاف شکنجہ تنگ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق اس قانون کی آڑ میں سینکڑوں مسلمانوں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔

مزیدخبریں