ایران نے حالیہ بدامنی کا ماسٹرمائنڈ سی آئی اے کے عہدیدار مائیکل اینڈریا کو قرار دیدیا

11:24 PM, 5 Jan, 2018

تہران: ایران نے سی آئی اے کے عہدیدار مائیکل اینڈریا   کو حالیہ بدامنی کی سازش کا ماسٹرمائنڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سازش چار سال قبل، امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب پر مشتمل مثلث نے تیار   کی تھی۔

جمعہ کو ایران کے اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ ایران میں حالیہ بدامنی کی سازش چار سال قبل، امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب پر مشتمل مثلث نے تیار کی تھی۔حجت الاسلام محمد جعفر منتظری نے کہا کہ اس سازش کا ماسٹرمائنڈ سی آئی اے کا عہدیدار مائیکل اینڈریا ہے جو انسداد دہشت گردی ونگ کا سابق عہدیدار ہے۔

انہوں نے کہا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس پروجیکٹ پر کئی سال کام کیا گیا تاکہ مہنگائی، مالیاتی اداروں سے نقصان اٹھانے والوں اور پنشن والوں کے مسائل کی آڑ میں ہنگامہ آرائی کا سلسلہ شروع کرایا جائے۔

ایران کے اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس مقصد کے لیے قائم کیے جانے والے کنٹرول روم میں ایم کے او دہشت گردوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کے دشمن پچھلے چالیس برس سے طرح طرح کی سازشوں میں مصروف رہے ہیں لیکن اسلامی نظام اور رہبر انقلاب کے ساتھ ایرانی قوم کی محبت اور عشق کے نتیجے میں ان کی تمام سازشیں ناکام ہو گئی ہیں۔

مزیدخبریں