اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جناب جسٹس جاوید اقبال نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کا نوٹس لے لیا۔ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زمہ داران نے کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے قوائد و ضوابط کی دھجیاں اْڑاتے ہوئے مبینہ طور پر زمینوں کی غیر قانونی لیز اور تعمیرات کیں۔
چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب بلوچستان کو کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی سرکاری اراضی کی بندر بانٹ، قوائد و ضوابط کی دھجیاں اْڑاتے ہوئے مبینہ طور پر زمینوں کی غیر قانونی لیز اور تعمیرات اورمبینہ بدعنوانی کی شکایات پر انکوائری کا حکم دیا ہے.
دستاویزات کے جائزے سے یہ بات سامنے آئی کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عہدیداران نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے شہر کے وسط میں واقع انتہائی قیمتی زمینوں کی لیز کا اور غیر قانونی تعمیرات کرتے ہوئے قومی خزانے کو مبینہ طور پر کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔