ادرک کا استعمال صحت کے لیے انتہائی مفید ہے

01:24 PM, 5 Jan, 2017

اسلام آباد: قدرت نےادرک کے اندر نہ صرف بہت سی بیماریوں کا علاج پوشیدہ رکھا ہے بلکہ اس میں بے شمار خوبیاں بھی موجود ہیں لہذا ادرک کا استعمال صحت کے لیے انتہائی مفید ہے بالخصوص سردیوں میں اور اس حوالے سے چند انتہائی اہم فوائد ہیں جو آپ کو بتائے جارہے ہیں۔

جسم کو گرم رکھنے کے لیے؛

ادرک کے چند ٹکڑے 2 کپ  پانی میں ڈال کراُبال لیں پھر  اس میں شہد کے چند قطرے  شامل کرکے دن میں 2 سے 3 مرتبہ پی لیں، یہ طریقہ سردی میں آپ کے  جسم کو گرم رکھنے میں مدگار ثابت ہوگا اور ٹھنڈ سے بچائے گا۔

پیروں کو گرم رکھنے کے لیے؛ادرک نہ صرف جسم کو گرم رکھتی ہے بلکہ پیروں کو بھی گرم رکھنے کے لیے ادرک کا استعمال کیا جاتا ہے، ایک  برتن میں پانی  اور اس میں ادرک کے چند ٹکڑے ڈال کر ابالیں   اور جیسے ہی پانی ٹھنڈا ہونا شروع ہوجائے تو اس میں 15 منٹ تک پاؤں ڈال کر رکھیں اور دن میں 2 بار اس عمل کو دہرائیں۔

زکام اور کھانسی کے علاج کے لیے؛سردیوں میں نزلہ، زکام اور کھانسی عام سی بیماریاں ہیں لیکن اس کا بھی علاج ادرک میں موجود ہے۔ ایک چمچ شہد میں ادرک کے رس کے چند قطرے ڈالیں اور دن میں 2 سے 4 مرتبہ اس کا استعمال کریں۔

درد ختم کرنے کے لیے ؛ادرک میں موجود خصوصیات ہر طرح کے درد کو ختم کرنےمیں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں لہذا ادرک کو کھانے میں استعمال کریں یا پھر ادرک کی چائے پینے سے جسم میں درد اور سوزش کا خاتمہ ہوجاتاہے۔

نظام ہاضمہ اور پیٹ کے درد کے لیے؛ادرک نظام ہاضمہ کے مسائل کو ختم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے، روزانہ ایک گرام ادرک کا استعمال پیٹ کے درد اور نظام ہاضمہ کے لیے انتہائی مفید ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے پیٹ میں مستقل درد رہتا ہے تو ادرک کے رس کے چند قطرے استعمال کریں۔

مزیدخبریں